اسلام آباد: ملک بھر میں عام انتخابات کیلیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
ملک بھر میں 12ویں عام انتخابات 2024 کے لیے پولنگ کا آغاز صبح 8 بجے ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی جبکہ سیکیورٹی کے حوالے سے بھی خاص انتظامات کیے گئے ہیں۔
قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں پر ملک بھر سے 17 ہزار 816 امیدوار حصہ لے رہے ہیں جبکہ چند حلقوں میں بڑی سیاسی شخصیات بھی مدمقابل ہیں۔ 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 25 سال تک عمر کے 2 کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار371 نئے ووٹرزبھی شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کیلیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں جن میں 27 ہزار 628 حساس اور 18 ہزار 437 انتہائی حساس ہیں۔ پولنگ اسٹیشن اور دیگر امور کی نگرانی کیلیے 5 لاکھ سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔
موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل
ملک بھر میں حکومت نے بغیر بتائے موبائل سروس معطل کردی۔ بیشتر علاقوں میں موبائل سگنلز بند، انٹرنیٹ کی سروس بھی متاثر رہی۔
سیاست دانوں کا موبائل سروس بحالی کا مطالبہ
بلاول بھٹو، بیرسٹر گوہر، حافظ نعیم سمیت متعدد سیاسی رہنماؤں نے موبائل اور انٹرنیٹ سروس فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولنگ شروع ہونے میں تاخیر
ملک کے زیادہ تر حلقوں کے اسٹیشنز میں پولنگ کا عمل بروقت 8 بجے شروع ہوگیا تاہم بعض اسٹیشنز میں پولنگ بروقت شروع نہ ہوئی اور تاخیر کا شکار ہوگئی، جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نتائج رات 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کا کہنا ہے کہ آر او نے رات 2 بجے تک نتیجہ جاری کرنا ہے تاہم نتائج 2 بجے سے پہلے بھی آ سکتے ہیں۔
کامن ویلتھ مبصرین کا مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ
دولت مشترکہ ممالک کے مبصرین نے اسلام آباد سمیت مختلف شہروں کے پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے ووٹنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ریٹرننگ افسران سے ملاقاتیں بھی کیں۔
ناخوش گوار واقعات
پولنگ کے دوران چند ناخوش گوار واقعات بھی پیش آئے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ 232 میں پریزائیڈنگ افسر سے بیلٹ پیپر چھین لیے گئے۔ سیاسی جماعت کے مسلح افراد الیکشن عملے کو زدوکوب کرکے متعدد بیلٹ پیپر چھین کر فرار ہوگئے۔
الیکشن کمیشن میں شکایات موصول
الیکشن کمیشن مانیٹرنگ سیل میں مختلف جماعتوں اور شہریوں کی جانب سے 50 سے زائد شکایت موصول ہوئیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ بیشتر شکایات کا فوری ازالہ کر دیا گیا۔











