پنڈی ٹیسٹ میں ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے بعد آل راؤنڈر متھوسامی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو برتری دلوا دی۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا نے 185 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر تیسرے دن کھیل کا آغاز کیا تو آصف آفریدی کی چوتھی گیند پر کائل ویرین محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔
ٹرسٹان اسٹبس 76 اور سائمن ہارمر 2 رنز بناکر آصف آفریدی کا شکار بنے۔
ڈیبیو کرنے والے آصف آفریدی نے پانچ وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی تھی تاہم سینوران متھوسامی نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیل کر پاکستان کی میچ پر گرفت کمزور کردی۔
متھوسامی نے کیشو مہاراج (30)کے ہمراہ نویں وکٹ پر71 اور ربادا کے ہمراہ دسویں وکٹ پر 98 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔
کگیسو ربادا 71 رنز بناکر آصف آفریدی کا چھٹا شکار بنے جبکہ متھوسامی 89 رنز پر ناقابل شکست رہے۔
جنوبی افریقی ٹیم پاکستان کے 333 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 404 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ جنوبی افریقا کو پاکستان پر 71 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
پاکستان کی جانب سے آصف آفریدی نے 6، نعمان علی نے 2 جبکہ شاہین آفریدی اور ساجد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آصف آفریدی پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے لیفٹ آرم اسپنر بن گئے ہیں۔











