بغداد: سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے سرکاری دورۂ عراق کے دوران عراقی فضائیہ کے کمانڈر، لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ مہند غالب محمد راضی الاسدی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں افواج نے دوطرفہ عسکری تعاون، مشترکہ تربیت، صلاحیت میں اضافہ، ایوی ایشن انڈسٹری میں تعاون اور عملی ہم آہنگی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر میں سربراہ پاک فضائیہ کا شاندار استقبال کیا گیا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جو دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔
ایئر چیف نے پاکستان اور عراق کے گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی روابط کو اجاگر کرتے ہوئے انہیں دونوں برادر ممالک اور مسلح افواج کے درمیان دیرپا تعلقات کی بنیاد قرار دیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے تربیت اور صلاحیت سازی میں عراقی فضائیہ کی مکمل معاونت کے لیے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں کمانڈرز نے باہمی آپریشنل ہم آہنگی کو بڑھانے کے لیے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر اتفاق کیا۔ عراقی کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے جدید تربیتی ماڈل کی تشکیل میں تعاون کی خواہش ظاہر کی اور پائلٹس کے ایکسچینج پروگرام میں دلچسپی ظاہر کی۔
اس موقع پر جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی ممکنہ خریداری، سپر مشاق تربیتی طیاروں کی شمولیت اور جامع دیکھ بھال و لائف سائیکل سپورٹ کے شعبوں میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عراقی کمانڈر نے خطے میں استحکام کے فروغ اور باہمی تزویراتی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
سربراہ پاک فضائیہ کا یہ دورہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور فضائی افواج کے مابین دیرپا روابط کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔
0











