0

چینی سفیر سے ملاقات، وزیراعظم کا معدنیات اور کان کنی میں تعاون پر زور

اسلام آباد:پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے آج وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون پر زور دیا۔
ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی اور سیکریٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔
وزیراعظم نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی چیانگ کے لیے اپنی نیک تمناؤں اور پُرتپاک جذبات کا اظہار کیا اور اپنے حالیہ دورۂ چین کے دوران چینی قیادت کے ساتھ ہوئی انتہائی مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز ملاقاتوں کا ذکر کیا۔وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان ’’ہر موسم کی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری‘‘ کو مزید مستحکم بنانے کے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والے اہم فیصلوں اور مفاہمتوں پر عملدرآمد کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے، *سی پیک 2.0*، کے تحت خصوصاً زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی، خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) اور معدنیات و کان کنی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں