ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکی کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں وہ ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی تعزیتی تقریب میں شرکت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ دوحہ مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور پاکستان نے ایک مرتبہ پھر سہولت کار کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایرانی قیادت کی تدفین کے بعد مذاکرات کا عمل دوبارہ شروع ہوگا۔ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف 3 سے 5 جولائی تک ایران اور ترکی کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وزیراعظم ایران میں تعزیتی تقریب میں شرکت کریں گے اور پاکستان کی حکومت و عوام کی جانب سے ایرانی حکومت اور عوام سے اظہارِ یکجہتی کریں گے، جبکہ بعد ازاں ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر استنبول جائیں گے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں سندھ طاس معاہدے سے متعلق بین الاقوامی سیمینار کے شرکا نے معاہدے کے حوالے سے کسی بھی یکطرفہ اقدام کو مسترد کر دیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اصل مسئلہ دہشت گردی نہیں بلکہ بھارتی قیادت کی وہ سوچ ہے جو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی کوششوں سے 22 ایرانی ملاحوں پر مشتمل جہاز لینور/ڈیوینا کا عملہ وطن واپس پہنچا ہے، جبکہ پاکستان کی معاونت سے اب تک مجموعی طور پر 70 ایرانی شہری اپنے ملک واپس جا چکے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ کے دوران یہ ایرانی عملے کی وطن واپسی کا چوتھا مرحلہ تھا۔ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن غضب للحق جاری ہے اور پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 29 جون کو افغان ناظم الامور کو ڈیمارش دیا گیا تھا، جس کی وجہ دہشت گردی میں ملوث ایک افغان شہری کی گرفتاری تھی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کو انٹرنیشنل اولیو کونسل کی رکنیت حاصل ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق زیتون کی کاشت میں پاکستان کی بہتر کارکردگی کے باعث یہ رکنیت ملی، جبکہ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے متعلقہ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان “اولیو ڈپلومیسی” کو بھی فروغ دے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جیلوں میں موجود اپنے 750 شہریوں کی فہرست بھارت کے حوالے کر دی ہے اور حکومت ان کی رہائی اور وطن واپسی کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔











