اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس اہداف کے حصول کے لیے انفورسمنٹ اقدامات تیز کرنے کا حکم دے دیا۔
ایف بی آر میں جاری اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں انہوں نے ایف بی آر اصلاحات پر عملدرآمد مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کاروباری برادری کے ٹیکس اصلاحات پر بڑھتے اعتماد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چیئرمین ایف بی آر اور سینئر افسران ہر ماہ کراچی کے ساتھ لاہور میں بھی 2 روز قیام کریں۔ ایف بی آر مقررہ ریونیو ہدف کے حصول کے لیے انفورسمنٹ اقدامات تیز کرے۔ انہوں نے ایف بی آر کو اسمگلنگ، ٹیکس چوری اور غیر قانونی کاروبار کے خلاف مؤثر انفورسمنٹ جاری رکھنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ایف بی آر کی جانب سے چکوال اور صوابی میں سگریٹ سازی کی غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف اقدامات کی پذیرائی کی۔ انہوں نے ایف بی آر کے تمام حساس پوسٹوں اور محکموں میں اچھی شہرت کے حامل اور ایماندار افسران کے ساتھ ساتھ اہلکاروں کی بھی تعیناتی کی ہدایت کی۔وزیراعظم کی ان لینڈ ریونیو کے لیے مجوزہ فیس لیس نظام کی بروقت تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیس لیس نظام کا مکمل رول آؤٹ 2027 تک یقینی بنایا جائے۔











