0

قومی اسمبلی اجلاس جاری؛27 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کا امکان

اسلام آباد:اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے جس میں 27 ویں آئینی ترمیم کی آج منظوری کا امکان ہے جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت وفاقی آئینی عدالت کے جلد قیام کی خواہاں ہے۔
قومی اسمبلی میں 27 ویں آئینی ترمیم پر گزشتہ روز سے بحث جاری ہے، جس کی آج منظوری کا قوی امکان ہے۔
قومی سمبلی اجلاس کے آغاز پر اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس خودکش دھماکے کے شہدا کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ایوان جوڈیشل کمپلیکس خد کش دھماکے کی مذمت کرتا ہے۔
پاکستان میں 6 ماہ کےلیے قومی حکومت بنائیں، الیکشن ہوں جو جیت کر آئے، حکومت کرے، محمود اچکزئی
اپوزیشن اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں عوام کی حکمرانی کا راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے، آج پاکستان کے آئین میں غیر جمہوری قسم کی ترمیم پر دکھ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترمیم میں وہ لیڈر بھی شامل ہیں جنہوں نے بہت بڑی قربانیاں دیں، پاکستان میں جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کی لڑائی جاری ہے، بانی تحریک انصاف اچھا یا برا آدمی ہے، آپ نے اسے کیوں وزیراعظم بننے دیا۔
جب سے پاکستان وجود میں آیا تب سے جمہوری اور غیر جمہوری طاقتوں کے درمیان لڑائی جاری ہے، اس آئینی ترمیم میں غیر جمہوری طاقتوں کے ساتھ مل کھیل کھیلا گیا، تحریک انصاف کا راستہ روکنے کی بھرپور کوشش کی گئی، اس سے انتخابی نشان چھینا گیا نوجوانوں نے پھر بھی اس پر اعتماد کیا۔
تحریک انصاف نے مختلف انتخابی نشانوں پر الیکشن لڑ کر ملک کی کایا پلٹ دی، ملک کی اعلیٰ عدلیہ ایک پارٹی کا انتخابی نشان چھین لیتی ہے، ہمارے جرنیل انبیا سے اوپر نہیں ہے ان کو معافی مانگنی پڑے گی، حکومت نے ہمارے بچوں کو گولیاں ماری ہیں، قاتل ہیں۔ خواتین کی عزتیں تار تار کی گئی۔
اسپیکر صاحب آپ کی جماعت نے مینڈیٹ چوری کیا ہے۔ اس لیے بات نہیں ہوسکتی، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہے، پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے جمہوریت کی طاقت کے لیے غیر مشروط حمایت ہوگی، تحریک تحفظ آئین پاکستان آئین کے دفاع کے لیے بنائی ہے۔
ستائیس ویں آئینی ترمیم کے خلاف حبیب جالب کی نظمیں پوری قوم کو سنائیں گے۔ “ایسے دستور کو صبح بے نور کو ہم نہیں مانتے” کتنے جرنیل اور بیوروکریٹس کی دوہری شہریت کے حامل ہیں ؟
تارڑ صاحب مجھے پیارے ہیں شریف الدین پیر زادہ کی روح خوش ہوگی تارڑ پر، آئیں مل کر ملک کو جمہوری پاکستان بنائیں۔ جمہوریت کے لیے ہمیں سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کو بچانے کے لیے اپنی تحریک شروع کر دی ہے، کابل ، پاکستان ، ایران اور بھارت کو مل بیٹھ کر بات کرنا ہوگی۔ ہمیں اپنے پڑوسیوں سے بات کرنا ہوگی۔
پاکستان میں چھ ماہ کے لیے قومی حکومت بنائیں۔ الیکشن ہوں جو بھی جیت کر آئے وہ حکومت کرے، فوجیوں کی کیا تربیت ہوتی ہے، انہیں صرف لڑنے کی تربیت ہوتی ہے جمہوری تربیت نہیں ہوتی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں