اسلام آباد (سردار شوکت محمود)کویت پاکستان بزنس ایکسپو کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین نے کہا ہے کہ 11 سے 13 دسمبر 2025ء کو پاکستان ایمبیسی اور کویت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے تین روزہ ایکسپو ہوگی،ایکسپو کے انعقادکا مقصد پاکستان اور کویت کے درمیان تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے،ایکسپو مین پاکستان سمیت دنیا بھر میں بسنے والے اوورسیز پاکستانی بزنس مین اور پاکستانی کمپنیاں شرکت کرینگی،ایکسپو میں ہر قسم کی اشیاء ایک ہی چھت تلے میسر ہونگی، ان خیالات کا اظہار کویت پاکستان بزنس ایکسپو کی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین چیئرمین محمدسلیم انصاری، محمد رضا سراج، ملک وقار، محمد ندیم ورک اور سلوسٹر سام کا کہنا تھا کہ ایکسپو میں شریک ہونے والے پاکستانی بزنس مینوں کو ویزہ ، رہائش اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرینگے، ایکسپو کے ذریعے پاکستان کا سوفٹ امیج دنیا کے سامنے پیش کرینگے،ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانیوں کیلئے کویت کے ویزے گذشتہ بیس برس سے بند تھے جس کی وجہ سے وہاں پر بھارتی مصنوعات کی بہتات ہے مگر ویزے اوپن ہوتے ہی ہم نے اس بات کا منصوبہ بنایا کہ پاکستانی مصنوعات کو یہاں متعارف کرایا جائے،پاکستانی بزنس مینوں سے درخواست ہے کہ کوالٹی کو برقرار رکھتے ہوئے ایکسپو میں شرکت کریں تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو فروغ حاصل ہو، اس حوالے سے پاکستانی کے وزراء ، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اورپاکستان فیڈریشن آف چیمبرز کے عہدیداران سے بہت مفید اور حوصلہ افزا ملاقاتیں ہوئی ہیں، ہم لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ چیمبرز مین بھی جا رہے ہیں تاکہ وہاں کے تاجروں کو بھی ایکسپو میں شرکت کی دعوت دے سکیں، کویت میں کمپنی کھولنے کے خواہشمند حضرات کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہیں۔
0











